نیویارک، یکم دسمبر (آئی این ایس انڈیا)امریکہ میں انتقالِ اقتدار سے قبل نومنتخب صدر جو بائیڈن کی جانب سے اپنی آئندہ حکومت کے ذمے داران کا اعلان جاری ہے اور اب انہوں نے اپنی معاشی ٹیم کا بھی اعلان کر دیا ہے۔
امریکہ میں انتقالِ اقتدار کے متعلقہ محکمے نے گزشتہ ہفتے ہی بائیڈن کی باضابطہ طور پر کامیابی تسلیم کی تھی جس کے بعد باقاعدہ طور پر انتقالِ اقتدار کا عمل شروع کر دیا گیا تھا۔
جو بائیڈن 20 جنوری کو اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔
پیر کو بائیڈن نے اپنی کابینہ میں وزیرِ خزانہ کے لیے امریکہ کے مرکزی بینک 'فیڈرل ریزرو' کی سابق سربراہ جینٹ ییلن کے نام کا اعلان کیا۔
امریکی محکمۂ خزانہ کی 231 سالہ تاریخ میں پہلا موقع ہو گا جب ایک خاتون اس محکمے کی سربراہی کریں گی۔
بائیڈن نے انتظامی اور بجٹ کے امور سے متعلق دفتر کی ڈائریکٹر کے لیے نیرا ٹنڈن کا انتخاب کیا ہے۔ سینیٹ سے اُن کی منظوری کی صورت میں ٹنڈن پہلی ایشیائی امریکی خاتون ہوں گی جو اس دفتر کی سربراہی کریں گی۔
ٹنڈن اس وقت 'سینٹر فار امریکن پروگریس' نامی ادارے کی صدر ہیں۔
نومنتخب صدر نے ویلی ایڈیومو کو وزیرِ خزانہ ییلن کا نائب مقرر کیا ہے۔ وہ پہلی افریقن امریکن ہیں جو محکمۂ خزانہ میں دوسری اہم ترین ذمہ داری سنبھالیں گی۔
جو بائیڈن نے لیبر اکانومسٹ سیسیلیا روز کو وائٹ ہاؤس کی 'کونسل آف اکنامک ایڈوائزرز' کی سربراہ نامزد کیا ہے۔ وہ پہلی سیاہ فام خاتون ہوں گی جو یہ عہدہ سنبھالیں گی۔
بائیڈن نے ماہرینِ معیشت جیرڈ برسٹین اور ہیتھر بوشی کو اکنامک کونسل کا رکن مقرر کیا ہے۔
جو بائیڈن نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ہمیں کرونا وائرس پر قابو پانا ہے جس کے لیے مذکورہ ٹیم فوری طور پر امریکی عوام کو معاشی بحران سے نکالنے کے لیے کام کرے گی اور معیشت کو پہلے سے بہتر ٹریک پر چلائے گی۔
یاد رہے کہ تین نومبر کو صدارتی انتخاب کے بعد بائیڈن نے کرونا وائرس پر قابو پانے اور معیشت کی بحالی کو اپنی اولین ترجیح قرار دیا تھا۔
عالمی وبا سے امریکہ کی معیشت کو شدید نقصان پہنچا ہے جب کہ دو کروڑ سے زائد افراد بے روزگار ہوئے ہیں۔
بائیڈن کی کابینہ
جو بائیڈن اب تک اپنی کابینہ کے بعض ارکان نامزد کر چکے ہیں جب کہ دیگر کئی عہدوں پر نامزدگیاں ابھی باقی ہیں۔
اینٹنی بلنکن کو بائیڈن نے امریکہ کا آئندہ وزیرِ خارجہ نامزد کیا ہے جو نومنتخب صدر کے معتمدِ خاص تصور کیے جاتے ہیں۔
بلنکن اس سے قبل بھی خارجہ امور سے متعلق مختلف ذمہ داریاں انجام دے چکے ہیں۔ وہ سابق صدر بل کلنٹن کے دور میں قومی سلامتی کونسل کے رُکن جب کہ اوباما دور میں قومی سلامتی کے نائب مشیر رہ چکے ہیں۔ جب جو بائیڈن سینیٹ کی خارجہ اُمور کمیٹی کے چیئرمین تھے تو اُس وقت بلنکن کمیٹی کے اسٹاف ڈائریکٹر تھے۔
بائیڈن آلے ہاندرو مایورکس کو داخلی سلامتی کا وزیر نامزد کر چکے ہیں۔ وہ یہ عہدہ سنبھالنے والے پہلے لاطینی نژاد تارکِ وطن ہوں گے۔
اسی طرح نومنتخب صدر نے ایورل ہینز کو ڈائریکٹر آف نیشنل انٹیلی جنس اور جیک سولیون کو مشیر برائے قومی سلامتی نامزد کیا ہے۔
جو بائیڈن کی کمیونی کیشن ٹیم
نومنتخب صدر جو بائیڈن اور نائب صدر کاملا ہیرس نے اتوار کو اپنی کمیونی کیشن ٹیم کا اعلان کیا تھا۔ اُن کی اس ٹیم میں تمام اہم عہدوں پر خواتین کو نامزد کیا گیا ہے۔
وائٹ ہاؤس کے کمیونی کیشن ڈائریکٹر کے لیے کیٹ بیڈنگفیلڈ جب کہ ہلی ٹوبر کو کیٹ کا نائب مقرر کیا گیا ہے۔
ہاؤس اسپیکر نینسی پیلوسی کی کمیونی کیشن ڈائریکٹر ایشلے ایٹنی کو کاملا ہیرس کی کمیونی کیشن ڈائریکٹر ہوں گی۔
سیمون سینڈرز نائب صدر کاملا ہیرس کی سینئر مشیر اور مرکزی ترجمان کی حیثیت سے کام کریں گی۔
جین ساکی کا انتخاب وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری کے لیے کیا گیا ہے۔ سیاسی تجزیہ کار کیرن جین پیری بطور نائب جین ساکی کے ساتھ کام کریں گی۔